ہریانہ کی راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے ووٹنگ سوالوں کے گھیرے میں، کانگریس صدر کھڑگے نے الیکشن کمیشن کو لکھا خط

AhmadJunaidJ&K News urduMarch 16, 2026358 Views


ہریانہ کی 2 راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے ووٹنگ کا عمل انجام پا چکا ہے، اور تازہ ترین خبروں کے مطابق کچھ گھنٹوں کی رخنہ اندازی کے بعد ووٹ شماری بھی شروع ہو چکی ہے۔ لیکن ووٹ شماری کا عمل شروع ہونے سے قبل بی جے پی اور کانگریس کے درمیان کچھ ووٹوں کو لے کر سخت اعتراض ظاہر کیے گئے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ ووٹ شماری بیچ میں ہی روکنی پڑی، اور تقریباً 5 گھنٹے بعد دیر رات پھر سے ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔ اس معاملہ میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا۔

ملکارجن کھڑگے نے الیکشن کمیشن کو کط لکھ کر ہریانہ کی راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے ہوئی ووٹنگ معاملہ پر مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے اس خط میں لکھا ہے کہ انتخاب کی غیر جانبدار میں مداخلت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ فوراً اس کوشش کو روکے اور انتخابی عمل کو ٹھیک کرے۔ انھوں نے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ہمارے جائز ووٹرس یا ڈالے گئے ووٹوں کو نااہل نہیں ٹھہرایا جا سکتا ہے۔ یہ واضح طور سے انتخابی عمل کو بدنام کرنے اور پٹری سے اتارنے کی ایک صاف کوشش ہے۔‘‘

کانگریس صدر نے اپنے خط میں الیکشن کمشنر سے ملاقات کا وقت بھی طلب کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ہم کانگریس لیڈر ڈاکٹر منو سنگھوی کی قیادت اور کئی سینئر لیڈران کے ایک وفد کے ذریعہ آپ سے ملنے کی گزارش کر رہے ہیں۔ خط میں انتخابی نتائج جاری ہونے سے قبل ملنے کے لیے وقت طلب کیا ہے۔ یہ خط ایوان میں چل رہی راجیہ سبھا انتخاب کی ووٹنگ کے درمیان لکھا گیا ہے۔ حالانکہ کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ووٹ کا عمل ختم ہونے کے بعد ووٹ شماری کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ آج رات ہی ہریانہ کی دونوں راجیہ سبھا سیٹوں کا نتیجہ برآمد ہو جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے کانگریس کے 2 ووٹوں پر اپنا اعتراض ظاہر کیا ہے۔ بی جے پی کے گورو گوتم اور کشن بیدی نے ان دونوں ووٹوں کو غلط ٹھہرایا ہے۔ کانگریس نے بھی ہریانہ حکومت میں وزیر انل وِج کے ووٹ پر اعتراض کیا ہے۔ تازہ ترین خبروں میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ایک کانگریس رکن اسمبلی کا ووٹ رَد کر دیا ہے۔ دوسرے کانگریس رکن اسمبلی کے ووٹ سے متعلق ابھی صورت حال واضح نہیں ہو سکی ہے۔

0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Search Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...