
امریکہ-اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری فوجی کشیدگی کے باعث مغربی ایشیا میں اہم اسٹریٹجک فضائی راہداریوں کی بندش نے عالمی ہوابازی صنعت کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ خطے میں وسیع پیمانے پر فضائی حدود بند ہونے یا سخت حفاظتی پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد دنیا بھر میں پروازوں کے نظام الاوقات درہم برہم ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اتوار تک کئی حساس فضائی راستوں پر ہنگامی حفاظتی اقدامات نافذ کر دیے گئے، جس کے نتیجے میں مختلف ممالک کی فضائی کمپنیوں کو اپنی پروازیں منسوخ کرنے یا متبادل طویل راستے اختیار کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ ہوا بازی صنعت کے اندازوں کے مطابق اب تک 700 سے زائد پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں، جبکہ سیکڑوں دیگر پروازوں کا رخ جنگی علاقوں سے بچانے کے لیے تبدیل کیا گیا ہے۔






