ممبئی میئر کے طور پر ریتو تاوڑے کا انتخاب مراٹھی شناخت کے خلاف سازش: شیو سینا یو بی ٹی

AhmadJunaidJ&K News urduFebruary 13, 2026360 Views


ممبئی: شیو سینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے (یو بی ٹی) نے بی جے پی کی کارپوریٹر ریتو تاوڑے کے بلا مقابلہ برہن ممبئی مہانگر پالیکا کے میئر منتخب ہونے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ اقتدار پر قابض جماعت مراٹھی عوام کے بجائے صنعت کاروں اور دولت مند طبقے کے مفادات کو ترجیح دے گی اور بڑے کاروباری منصوبوں کے لیے زمین کے حصول کو آسان بنایا جائے گا۔

پارٹی کے ترجمان ’سامنا‘ میں شائع اداریے میں کہا گیا کہ ممبئی میں بی جے پی کا میئر آنا مہاراشٹر کے لیے سیاہ دن ہے۔ اداریے کے مطابق یہ صورتحال مراٹھی عوام کے طویل جدوجہد پر سیاہ سایہ ہے۔ الزام لگایا گیا کہ بی جے پی نے مراٹھی ووٹروں میں دراڑ ڈال کر اقتدار حاصل کیا اور میئر کے انتخاب کے لیے بے تحاشہ دولت خرچ کی۔ اگر شیو سینا یو بی ٹی کو بی ایم سی کی باگ ڈور ملتی تو شہر کو لوٹنے سے روکا جا سکتا تھا۔

اداریے میں دعویٰ کیا گیا کہ متحدہ مہاراشٹر تحریک کے دوران جس طرح مراٹھی عوام پر گولیاں چلائی گئیں، آج اسی طرز پر ممبئی کے حوصلے کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ خالص مراٹھی میئر کو روکنے کے لیے سازش رچی گئی۔

ریتو تاوڑے کی جانب سے ممبئی کو گڑھوں اور بدعنوانی سے پاک اور خواتین کے لیے محفوظ شہر بنانے کے دعووں کو اداریے میں مضحکہ خیز قرار دیا گیا۔ لکھا گیا کہ نیت اچھی ہو سکتی ہے مگر اختیارات اور عملی طاقت کے بغیر یہ وعدے پورے نہیں ہو سکتے۔ خواتین کی سلامتی سے متعلق بیان کو ریاستی وزارت داخلہ کی ناکامی کا ثبوت بھی بتایا گیا۔

اداریے میں چار برس تک انتظامیہ کے ذریعے بلدیہ چلائے جانے کے دوران بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے کہا گیا کہ ٹھیکے داروں نے ہزاروں کروڑ روپے کے ایسے بل بنائے جو کام کیے بغیر منظور ہوئے۔ میئر سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ان معاملات کی جانچ کرائیں، ورنہ بدعنوانی کے خلاف جدوجہد مضبوط اپوزیشن پر چھوڑ دیں۔

0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Search Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...