
پارٹی کے ایک سینئر لیڈر کا کہنا ہے کہ اکھلیش یادو نے 2012 میں گوتم بدھ نگر سے اپنی سائیکل یاترا شروع کی تھی، اسی سال سماج وادی پارٹی کو جیت ملی تھی۔ اسی طرز پرایک بار پھر نوئیڈا سے انتخابی مہم شروع کرنے کو ’نیک شگون‘ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ نوئیڈا کے حوالے سے طویل عرصے سے ایک سیاسی افسانہ چل رہا ہے کہ جو بھی وزیر اعلیٰ نوئیڈا کا دورہ کرتا ہے وہ 6 ماہ کے اندر اپنا عہدہ گنوادیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اکھلیش یادو نے اپنے وزیر اعلیٰ کے دور میں نوئیڈا کا دورہ نہیں کیا تھا۔ انہوں نے 2017 اور 2022 کے انتخابات میں دیگر اضلاع میں بھی مہم چلائی لیکن اقتدار حاصل کرنے میں ناکام رہے۔





