ہندوستانی بحریہ جلد ہی اپنی انڈر واٹر یعنی زیر آب صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرنے جا رہی ہے۔ ڈی ایس سی، اے-20 نامی ملک کا پہلا سودیشی طریقے سے ڈیزائن کیا گیا ڈائیونگ سپورٹ کرافٹ 16 دسمبر 2025 کو کوچی نیول بیس پر رسمی طور سے بحریہ میں شامل کیا جائے گا۔ وائس ایڈمیرل سمیر سکسینہ، چیف آف اسٹاف آفیسر، جنوبی نیول کمانڈ اس پروگرام میں بطور چیف گیسٹ شامل ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی دیگر مزید بڑے افسران کی شرکت دیکھنے کو ملے گی۔ اس پروگرام سے متعلق سبھی تیاریاں پوری کر لی گئی ہیں۔
جانکاری کے مطابق ’ڈی ایس سی، اے-20‘ کو جدید زیر آب مشینوں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں ایڈوانس ڈائیونگ سسٹم لگے ہیں، جو بحری افواج میں شامل غوطہ خوروں کو سیچوریشن ڈائیونگ، ہائپر بیرک ٹریٹمنٹ اور گہرے سمندر میں مرمت و دفاعی مہموں میں مدد کریں گے۔ اس سے ساحلی و سمندری علاقوں میں آپریشنل تیاریاں مزید مضبوط ہوں گی۔
ڈی ایس سی، اے-20 خود کفیل ہندوستان پروگرام کے تحت بننے والے پانچ ڈائیونگ سپورٹ کرافٹس کی سیریز کا پہلا جہاز ہے، جسے کولکاتا واقع ٹٹاگر ریل سسٹمز لمیٹڈ (ٹی آر ایس ایل) نے پوری طرح سودیشی تکنیک سے تیار کیا ہے۔ یہ آبدوز تنازعہ اور چیلنج سے بھرپور سمندری علاقوں میں بغیر بیرون ملکی انحصار کے سالویج، مرمت اور خصوصی انڈرواٹر مشنوں کو انجام دینے میں اہل ہوگا۔
ڈی ایس سی، اے-20 کو خصوصی طور سے ساحلی آبی علاقوں میں غوطہ خوری اور پانی کے اندر مہموں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کا ڈیزائن بحری اصولوں اور انڈین رجسٹری آف شپنگ کے پیمانوں پر عمل کرتا ہے۔ ساتھ ہی اس کے مختلف تکنیکی ٹیسٹ این ایس ٹی ایل وشاکھاپٹنم میں کامیابی کے ساتھ کیے گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


































