امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جیفری ایپسٹین سے متعلق تمام سرکاری فائلیں عام کرنے کے لیے منظور کیے گئے بل پر باقاعدہ دستخط کر دیے ہیں۔ ٹرمپ نے اس فیصلے کا اعلان بدھ کے روز اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر کیا اور کہا کہ وہ اس معاملے میں مکمل شفافیت کے حامی ہیں۔
منظور شدہ بل کے تحت امریکی وزارتِ انصاف کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ایپسٹین کیس کی تحقیقات سے متعلق تمام دستاویزات، رپورٹس اور متعلقہ مواد 30 دن کے اندر ایسی شکل میں جاری کرے جو سرچ اور ڈاؤن لوڈ کیے جانے کے قابل ہو۔ اس کا مطلب ہے کہ ریکارڈ کو کسی بھی قسم کی تاخیر کے بغیر عام شہریوں، محققین اور میڈیا کے لیے دستیاب کرنا ہوگا۔






