
پٹنہ، بہار: اسمبلی انتخابات 2025 کے پہلے مرحلے کی تشہیر ختم ہونے سے چند گھنٹے قبل راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما اور مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار تیجسوی یادو نے ایک اہم پریس کانفرنس میں کئی بڑے اعلانات کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہار کے عوام اس بار تبدیلی کے موڈ میں ہیں اور ریاست میں 20 برس سے برسر اقتدار حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
تیجسوی یادو نے کہا، ’’ہماری حکومت بنتے ہی 14 جنوری، یعنی مکر سنکرانتی کے دن، خواتین کے بینک کھاتوں میں پورے سال کے 30 ہزار روپے منتقل کیے جائیں گے۔ یہ رقم ’مائی بہن مان یوجنا‘ کے تحت دی جائے گی تاکہ خواتین کو معاشی خودمختاری حاصل ہو۔‘‘






