
بہار میں اسمبلی انتخابات 2025 کے پہلے مرحلے کے لیے اب چند ہی دن باقی ہیں۔ تمام سیاسی جماعتیں اپنی انتخابی مہم کو پوری شدت سے آگے بڑھا رہی ہیں اور سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ تاہم ہفتے کے روز بیگوسرائے میں ایک انوکھا منظر دیکھنے کو ملا جب لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ راہل گاندھی خود تالاب میں اتر گئے اور مقامی ماہی گیروں کے ساتھ مچھلی پکڑنے کے روایتی عمل میں شریک ہوئے۔
راہل گاندھی کو تالاب میں جال پھینکتے اور مچھلیاں پکڑتے دیکھ کر مقامی لوگوں میں زبردست جوش و خروش پیدا ہو گیا۔ لوگوں نے کہا کہ انہوں نے اس سے پہلے کبھی کسی بڑے رہنما کو اس طرح مقامی روایت میں شریک ہوتے نہیں دیکھا۔ ان کے مطابق یہ منظر صرف ایک علامتی عمل نہیں بلکہ زمین سے جڑے سیاست کے پیغام کا مظہر ہے۔





