
نئی دہلی: دہلی اور نوئیڈا کی فضا میں آلودگی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ لوگوں کو آنکھوں میں جلن اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں کھانسی، زکام اور گلے کی خراش کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ دیوالی کے بعد سے راجدھانی دہلی میں فضائی آلودگی کا درجہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے اور اب یہ خطرناک سطح پر پہنچ چکا ہے۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق ہفتہ کی صبح 6 بجے دہلی کے آنند وہار علاقے میں اے کیو آئی کی سطح 411 درج کی گئی، جو ’انتہائی خراب‘ زمرے میں آتی ہے۔ بوانا میں اسے کیو آئی 318، چاندنی چوک میں 309، علی پور میں 291، براڑی میں 288 اور اشوک وہار میں 279 ریکارڈ کیا گیا۔ دہلی کے 38 مانیٹرنگ مراکز میں سے 10 نے ہوا کے معیار کو ’بہت خراب‘، 24 نے ’خراب‘ اور تین نے ’درمیانہ‘ درجے میں دکھایا۔






