کپتان روہت شرما اور شریئس ایر نے اس کے بعد ہندوستان کو سنبھالا۔ دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 118 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی۔ روہت شرما نے 97 گیندوں پر سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے، جب کہ شریئس ایر نے 77 گیندوں پر 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں سات چوکے شامل تھے۔ مچل اسٹارک نے 30ویں اوور میں روہت شرما کو آؤٹ کر کے اس پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا، جب کہ ایڈم زیمپا نے شریئس ایر کو بولڈ کر دیا۔
اس کے بعد ہندوستانی بلے باز وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے گئے۔ کے ایل راہل 11، واشنگٹن سندر 12 اور نتیش کمار ریڈی 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اکشر پٹیل نے 41 گیندوں پر پانچ چوکے لگا کر 44 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی۔ نچلے آرڈر میں ہرشت رانا نے 18 گیندوں پر 24 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زیمپا سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ زیویئر بارٹلیٹ نے 3 اور مچل اسٹارک نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔






