بہار میں ووٹرس کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) اور کرناٹک کے ایک اسمبلی حلقہ میں ’ووٹ چوری‘ کے انکشاف نے اپوزیشن پارٹیوں یعنی انڈیا بلاک کو متحد کر دیا ہے۔ آج صبح ’ووٹ چوری‘ اور ’ایس آئی آر‘ کے خلاف انڈیا بلاک کے 300 سے زائد اراکین پارلیمنٹ نے کندھے سے کندھا ملا کر الیکشن کمیشن دفتر کی طرف مارچ کیا تھا، اور پھر دیر شام کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی عشائیہ تقریب میں سبھی ایک ساتھ انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات کرتے نظر آئے۔
اس عشائیہ تقریب کی کئی تصویریں تھریڈ کی شکل میں کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی ہیں۔ کانگریس نے اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’نئی دہلی کے قلب میں کانگریس کے صدر کھڑگے نے انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کو ایک ایسی شام میں خوش آمدید کہا جو صرف عشائیہ نہیں تھی، بلکہ اتحاد کی ایک طاقتور توثیق بھی تھی۔‘‘ پوسٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’آئین کے تحفظ اور جمہوریت کے دفاع کا مشترکہ عزم سبھی میں نظر آیا۔ اس تقریب نے بھائی چارے، باہمی احترام اور غیر متزلزل عزم کی عکاسی کی۔‘‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ ملکارجن کھڑگے کی اس عشائیہ تقریب میں کانگریس سے دوری اختیار کرنے والی عآپ کے اراکین پارلیمنٹ سنجے سنگھ اور سندیپ پاٹھک بھی نظر آئے۔ حالانکہ سنجے سنگھ کا صاف کہنا ہے کہ وہ انڈیا بلاک کا حصہ نہیں ہیں، لیکن ’ووٹ چوری‘ کے معاملے پر یکساں رائے رکھتے ہیں، اس لیے عشائیہ تقریب میں ساتھ دکھائی دیے۔ اس تقریب میں شامل دیگر شخصیات کی بات کریں تو سونیا گاندھی ایک اہم چہرہ تھیں۔ ان کے علاوہ اکھلیش یادو، جیہ بچن، راہل گاندھی، میسا بھارتی، سنجے راؤت، پرینکا چترویدی، کنی موژی اور پرینکا گاندھی سمیت انڈیا بلاک کے کئی دیگر سرکردہ لیڈران بھی اس دعوت میں نظر آئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔