آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے 21 مئی کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں جاری کر دی ہیں۔ نئی قیمتیں دیکھ کر پتہ چلتا ہ کہ کچھ ریاستوں میں عام لوگوں کو مہنگائی سے معمولی راحت ملی ہے، جبکہ کچھ جگہوں پر جیب پر بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔ حالانکہ دہلی سمیت کئی بڑے شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
ملک کی راجدھانی دہلی، کولکاتا، گروگرام سے لے کر بنگلورو تک آج صارفین کے لیے کوئی نیا سرپرائز نہیں ہے۔ ان شہروں میں تیل کمپنیوں نے قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ دہلی کے لوگ آج بھی 98.64 روپے فی لیٹر کے حساب سے پٹرول بھرا سکتے ہیں، جبکہ ڈیزل 91.58 روپے پر برقرار ہے۔ اسی طرح کولکاتا میں پٹرول 109.70 روپے، گروگرام میں 99.38 روپے جبکہ بنگلور میں 107.16 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔
اگر آپ چنئی، جے پور یا پٹنہ میں رہتے ہیں تو آپ کے لیے اچھی خبر ہے۔ چنئی میں پٹرول 35 پیسے سستا ہو کر 104.57 روپے پر آ گیا ہے اور ڈیزل بھی 33 پیسے سستا ہوا ہے۔ جے پور میں 30 پیسے کی کمی کے ساتھ پٹرول 108.70 روپے کا ہو گیا ہے۔ اقتصادی راجدھانی ممبئی میں پٹرول کی قیمت میں معمولی 4 پیسے کی کمی ہوئی ہے، جبکہ ڈیزل 94.08 روپے پر مستحکم ہے۔ پٹنہ، لکھنؤ، چنڈی گڑھ اور حیدرآباد کے لوگوں کو بھی آج قیمتوں میں جزوی کمی کا فائدہ ملا ہے۔
دوسری طرف دہلی سے متصل نوئیڈا میں آج تیل مہنگا ہو گیا ہے۔ نوئیڈا میں پٹرول 19 پیسے کے اضافہ کے ساتھ 98.65 روپے جبکہ ڈیزل 19 پیسے بڑھ کر 91.93 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔ بھونیشور میں پٹرول 21 پیسے مہنگا ہو کر 105.33 روپے کا ہو گیا ہے۔ جنوبی ہندوستان کی بات کریں تو تروواننت پورم میں پٹرول 18 پیسے مہنگا ہو کر 111.71 روپے جبکہ ڈیزل 29 پیسے بڑھ کر 100.59 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
درحقیقت ملک کی ہر ریاست میں ایندھن کی قیمتیں مختلف ہونے کے پیچھے ٹیکس کا کھیل ہے۔ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی پوزیشن کے علاوہ مرکزی حکومت کی ایکسائز ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومتوں کے ویلیو ایڈیڈ ٹیکس (وی اے ٹی) کا اثر پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر پڑتا ہے۔ اسی وجہ سے ہر شہر میں تیل کی قیمت مختلف ہوتی ہے۔




































