ممبئی میں سی این جی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ سی این جی اب 86 روپے فی کلوگرام میں دستیاب ہوگی۔ سرکاری گیس ڈسٹری بیوٹر مہانگر گیس لمیٹڈیعنی ایم جی ایل نے ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں کمپریسڈ نیچرل گیس یعنی سی این جی کی قیمت میں 2 روپے فی کلو گرام کا اضافہ کیا ہے۔
اس تبدیلی کے ساتھ، ممبئی، تھانے، نوی ممبئی، اور ممبئی میٹروپولیٹن ریجن کے دیگر حصوں میں سی این جی کی قیمت ت86 روپےفی کلوگرام ہو جائے گی۔ حالیہ ہفتوں میں یہ دوسرا اضافہ ہے۔ ایم جی ایل نے پہلے 14 مئی کو قیمتوں میں 2 روپے فی کلو گرام اضافہ کیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق مہانگر گیس لمیٹڈ نے 1 کلو سی این جی کی قیمت 84 روپے سے بڑھا کر 86 روپے کر دی ہے۔ سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ آج سے نافذ العمل ہوگیا۔ اس سے پہلے، 14 مئی کو، قیمت میں 2 روپےکا اضافہ کیا گیا تھا ۔
اس وقت، مہانگر گیس لمیٹڈ نے سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کہا تھا کہ قیمتوں میں اضافہ مغربی ایشیا کے تنازع سے پیدا ہونے والے عالمی تناؤ کی وجہ سے ہوا ہے، جس میں گیس کی خریداری کے بڑھتے ہوئے اخراجات، خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، ہندوستانی روپے کی قدر میں کمی، اور سپلائی چین میں خلل شامل ہیں۔
سی این جی مہنگی ہونے پر کرایوں میں اضافے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ سی این جی کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھیں گے۔ ممبئی میں آٹو یونین پہلے ہی کرایوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ مہانگر گیس لمیٹڈ (ایم جی ایل)کے اعداد و شمار کے مطابق، ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں 1.2 ملین سے زیادہ گاڑیاںسی این جی پر چلتی ہیں۔



































