
بنگلہ دیش میں حالات اس وقت بگڑ گئے جب ’انقلاب منچ‘ کے ترجمان اور سرکردہ تحریک کار شریف عثمان ہادی کی موت کی خبر سامنے آئی۔ سنگاپور میں علاج کے دوران جمعرات کو ہادی کے انتقال کے فوراً بعد راجدھانی ڈھاکہ سمیت کئی بڑے شہروں میں احتجاج شروع ہوا، جو دیکھتے ہی دیکھتے تشدد میں بدل گیا۔
ڈھاکہ کے کارواں بازار علاقے میں مشتعل مظاہرین نے ملک کے بڑے بنگلہ روزنامے پرتھم آلو اور انگریزی اخبار دی ڈیلی اسٹار کے دفاتر پر حملہ کر دیا۔ عمارتوں میں توڑ پھوڑ کی گئی، فرنیچر اور دستاویزات باہر نکال کر نذرِ آتش کر دی گئیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق حملے کے وقت متعدد صحافی اور ملازمین دفاتر کے اندر پھنس گئے تھے، جنہیں بعد میں سکیورٹی اہلکاروں نے بحفاظت نکالا۔ دی ڈیلی اسٹار نے اپنے عملے کی سلامتی سے متعلق شدید تشویش کا اظہار کیا۔






