
اراولی پہاڑی سلسلے کی مجوزہ نئی تعریف کو لے کر سیاسی، قانونی اور ماحولیاتی سطح پر ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ کانگریس کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا رکن جے رام رمیش نے مرکزی وزیر ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کو ایک تفصیلی خط لکھ کر اراولی کی ’تباہ کن نئی تعریف‘ پر چار براہِ راست اور واضح سوالات اٹھائے ہیں۔ جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہ اطلاع دی ہے۔
اپنی پوسٹ میں جے رام رمیش نے کہا کہ یہ ان کا تازہ ترین خط ہے، جس میں اراولی کو صرف 100 میٹر یا اس سے زیادہ اونچائی تک محدود کرنے کی تجویز پر شدید اعتراض درج کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس تعریف سے اراولی کے بڑے حصے، خاص طور پر نچلی پہاڑیاں، رِجز اور جنگلاتی علاقے تحفظ کے دائرے سے باہر ہو جائیں گے، جس کے نتیجے میں مائننگ اور تعمیراتی سرگرمیوں کو کھلی چھوٹ مل سکتی ہے۔




