
نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں جشنِ جوہر 2025 نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں جامعہ کے تعلیمی مستقبل سے متعلق کئی اہم اعلانات کیے گئے اور سابق طلبہ کی جانب سے ادارہ جاتی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، تقریب کے مہمانِ خصوصی اور وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے اعلان کیا کہ جامعہ میں حال ہی میں ڈینٹسٹری میں پوسٹ گریجویٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے اور عنقریب ایم بی بی ایس کورس کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرن شپ اور ایکسٹرن شپ کے لیے ہولی فیملی اسپتال کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ وائس چانسلر نے سابق طلبہ سے طبی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ ہر سطح کے کورسز پیش کرنے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور مقصد اسے ملک کی نمایاں یونیورسٹیوں میں شامل کرنا ہے، جو اجتماعی کاوش کے بغیر ممکن نہیں۔






