
بالی ووڈ کی دنیا میں تنوجہ کا شمار ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی بے باک اور منفرد اداکاری کے ذریعے خواتین کی روایتی پیشکش کو نئی جہت بخشی۔ انہوں نے اپنی زندگی اور فن دونوں میں رائج روایتوں کو چیلنج کیا اور اپنے الگ انداز سے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی۔
تنوجہ 23 ستمبر 1943 کو ممبئی میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد کمارسین سمرتھ شاعر اور فلم ساز تھے جبکہ والدہ شوبھنا سمرتھ ایک مقبول اداکارہ تھیں۔ گھرانے میں فلمی ماحول ہونے کے باعث تنوجہ کا رجحان ابتدا ہی سے اداکاری کی طرف رہا۔ بطور چائلڈ آرٹسٹ انہوں نے 1950 میں اپنی والدہ کے ہوم پروڈکشن فلم ’ہماری بیٹی‘ سے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔ یہی وہ فلم تھی جس سے ان کی بڑی بہن نوتن نے بھی اداکارہ کے طور پر سفر شروع کیا۔






