
نیشنل ہیرالڈ، نوجیون اور قومی آواز کے مشترکہ ادبی پروگرام ادب نامہ کی نئی قسط معروف شاعر مخمور سعیدی کے نام رہی، جس میں ان کی زندگی، شاعری، شخصیت اور ادبی خدمات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پروگرام میں معروف شاعر، ناظم مشاعرہ اور ادبی روایت پر گہری نظر رکھنے والے معین شاداب نے بطور مہمان شرکت کی اور مخمور سعیدی کی شعری تشکیل، فکری مزاج اور ادبی سفر کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
گفتگو کے دوران معین شاداب نے بتایا کہ جب مخمور سعیدی نے شاعری کا آغاز کیا تو ان کے والد اس رجحان سے خوش نہیں تھے، مگر ان کے شوق اور سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے بعد میں انہوں نے انہیں توقیر سعیدی سے اصلاح لینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مخمور سعیدی کی ادبی شخصیت کی تعمیر میں خاندانی ماحول کے ساتھ راجستھان کے ٹونک شہر کے ادبی اور تہذیبی ماحول کا بھی اہم کردار رہا۔
معین شاداب نے یہ بھی بتایا کہ مخمور سعیدی کا صحافت اور اخبارات سے گہرا تعلق رہا، جس کا اثر ان کی شاعری میں بھی دکھائی دیتا ہے۔ پروگرام میں ان کے کئی منتخب اشعار بھی پیش کیے گئے۔ گفتگو میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ ادبی رسائل اور اردو شاعری کی روایت نے مخمور سعیدی کے شعری شعور کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔






