
کانگریس کے سینئر رہنما اجے ماکن نے اپنی اعداد و شمار پر مبنی مہم کے چوتھے دن دہلی میٹرو کے کرائے کو موضوع بناتے ہوئے کانگریس، عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے ادوار کا موازنہ پیش کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو اور کیپشن میں دعویٰ کیا کہ کانگریس حکومت نے دہلی میٹرو کو عام لوگوں کے لیے سستا رکھا، جبکہ بعد کے برسوں میں کرائے میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا۔
اجے ماکن نے کہا کہ 24 دسمبر 2002 کو دہلی میٹرو کا آغاز ہوا، اس وقت دہلی کی وزیر اعلیٰ شیلا دکشت تھیں۔ ان کے مطابق اس وقت کم سے کم کرایہ 4 روپے اور زیادہ سے زیادہ 8 روپے تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور میں 2004، 2005 اور 2009 میں کرائے میں تبدیلی کی گئی لیکن ہر بار قانونی عمل اور کرایہ طے کرنے والی کمیٹی کے ذریعے فیصلہ ہوا۔






