
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا ہے کہ ووٹ چوری کے خلاف کانگریس کی دستخطی مہم کو دہلی بھر میں مل رہی زبردست عوامی حمایت سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) خوفزدہ ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسی بوکھلاہٹ میں پولیس نے بی جے پی کے اشارے پر کانگریس کارکنوں کو زبردستی حراست میں لینا شروع کر دیا ہے۔
دیویندر یادو نے کہا، ’’ہم راہل گاندھی کے ببر شیر ہیں، ڈرنے والے نہیں۔ بی جے پی کی حکومت اگر پولیس کے ذریعے دباؤ ڈالنے کی کوشش کرے گی تو بھی ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔‘‘ ان کے مطابق نجف گڑھ ضلع میں ووٹ چوری کے خلاف چلائی جا رہی دستخطی مہم کے دوران پولیس نے انہیں اور کئی کانگریس کارکنوں کو زبردستی حراست میں لیا اور جعفرپور تھانے منتقل کر دیا، جہاں سے بعد میں سبھی کو رہا کر دیا گیا۔






