
ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے بین الاقوامی جرائم ٹربیونل (آئی سی ٹی) نے بدھ کو سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ اور سیکورٹی فورسز کے کئی اعلیٰ افسران کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ عوامی لیگ کی حکومت کے دوران درجنوں افراد کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا اور ان پر تشدد کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی ٹی کے استغاثہ نے حسینہ اور ان کے سیکورٹی و دفاعی مشیر طارق احمد صدیقی کے خلاف دو باضابطہ فرد جرم دائر کی ہیں۔ ان میں سے ایک فرد جرم میں حسینہ، طارق اور ریپڈ ایکشن بٹالین (آر اے بی) کے سابق اعلیٰ عہدیداروں سمیت 15 افراد پر ٹاسک فورس فار انٹروگیشن (ٹی ایف آئی) سیل میں جبری گمشدگی اور تشدد کے 5 الزامات عائد کیے گئے ہیں۔






