
ہندوستانی فضائیہ کے 93ویں یومِ تاسیس کے موقع پر بدھ کو غازی آباد کے ہنڈن ایئربیس پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایئربیس کے فضاؤں میں طیاروں کی گرج اور پائلٹوں کے حیرت انگیز کرتب نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔
تقریب کا آغاز روایتی پریڈ سے ہوا، جس میں فضائیہ کے جوانوں نے اپنی بہترین ہم آہنگی اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ پریڈ کے دوران رائفل سے کرتب دکھاتے جوانوں نے اپنی مہارت اور مشق کی اعلیٰ مثال پیش کی۔ ناظرین نے بارہا تالیوں سے ان کا خیرمقدم کیا۔
پریڈ کے بعد فضائی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس دوران ہارورڈ ونٹیج ایئرکرافٹ سمیت کئی جدید اور تاریخی طیاروں نے آسمان میں شاندار کرتب دکھائے۔ کچھ لمحوں کے لیے فضا طیاروں کے شور، رنگوں اور دھوئیں کی لکیروں سے بھر گئی۔ خاص طور پر ہارورڈ ونٹیج طیارے کی پرواز نے ناظرین کو ماضی کی یاد دلا دی، جب اسی طرز کے طیارے ابتدائی فضائی تربیت میں استعمال کیے جاتے تھے۔
اس موقع پر فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ نہ صرف ملک کی فضائی سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ قدرتی آفات، انسانی ہمدردی کے مشنز اور بین الاقوامی امدادی کارروائیوں میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائیہ کے جوانوں کی ہمت، نظم و ضبط اور تکنیکی مہارت ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔





