میجر دھیان چند کا نام جب بھی لیا جاتا ہے تو ذہن میں ہاکی کی وہ تصویر ابھرتی ہے جس میں گیند ان کی اسٹک سے ایسے چپکی رہتی تھی جیسے کوئی مقناطیس اپنی طرف کھینچ لے۔ انہیں دنیا ’ہاکی کے جادوگر‘ کے نام سے جانتی ہے۔ ہندوستانی کھیلوں کی تاریخ میں ان جیسا باکمال کھلاڑی شاید ہی کبھی پیدا ہوا ہو۔
الہ آباد (پریاگ راج) میں 29 اگست 1905 کو پیدا ہونے والے دھیان سنگھ کے والد برطانوی فوج میں ملازم تھے اور ہاکی کھیلنے کے شوقین تھے۔ والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے دھیان سنگھ نے بھی محض 16 برس کی عمر میں فوج میں سپاہی کی حیثیت سے شمولیت اختیار کر لی۔ اسی دوران انہوں نے ہاکی کھیلنا شروع کیا۔