مسلسل بارش کے ساتھ ساتھ ہریانہ کے ہتھنی کنڈ بیراج سے چھوڑے گئے پانی نے بھی جمنا کے پانی کی سطح کو خطرناک حد تک بڑھا دیا ہے۔ کئی خاندان اب سڑکوں پر ٹینٹ اور عارضی جھونپڑیاں بنا کر رہنے پر مجبور ہیں۔ یہ اس ماہ میں دوسرا موقع ہے جب جمنا کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر چلا گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی تیز بارش اور بیراج سے پانی چھوڑنے کی وجہ سے دہلی اور نواحی علاقوں میں سیلاب جیسی صورت حال پیدا ہو گئی تھی۔
مقامی انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے اور تٹ بندی کے قریب رہنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ دہلی کے مختلف علاقوں، خاص طور پر سنگم وہار اور نیم چوک روڈ پر شدید پانی بھرنے کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جن میں سڑکیں تالاب میں بدلتی دکھائی دے رہی ہیں۔