جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے تھاتری سب ڈویژن میں بادل پھٹنے کے باعث خوفناک تباہی مچ گئی۔ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ دس سے زائد مکانات سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ حکام کے مطابق واقعہ کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے اپنا قیمتی سامان چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف پناہ لی۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی رات سے جاری موسلا دھار بارش کے بعد منگل کی صبح بادل پھٹنے سے پہاڑوں سے اچانک زبردست پانی کا ریلہ آیا، جس نے راستے میں آنے والے درختوں، مکانات اور دیگر ڈھانچوں کو تہس نہس کر دیا۔ کئی گھروں کی دیواریں زمین بوس ہو گئیں جبکہ کچھ مکمل طور پر پانی میں بہہ گئے۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق یہ ان کی زندگی کا سب سے خوفناک منظر تھا۔