
رضا مراد نے ایک ویڈیو اور بیان کے ذریعے واضح کیا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند اور حیات ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’میں ابھی زندہ ہوں اور صحت مند ہوں۔ بار بار یہ بتاتے بتاتے میرا گلا، زبان اور ہونٹ سوکھ گئے ہیں۔ ہر جگہ یہ جھوٹی خبر پھیل گئی ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر سے ان کے پاس فون کالز اور پیغامات آ رہے ہیں۔ مداح اور دوست ان پوسٹس کے اسکرین شاٹ بھیج رہے ہیں اور ان کی خیریت دریافت کر رہے ہیں۔
اداکار نے ایسی افواہیں پھیلانے والوں پر سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا، ’’یہ انتہائی شرمناک حرکت ہے۔ یہ کام وہی لوگ کرتے ہیں جو اپنی زندگی میں کچھ نہیں کر پاتے اور سستی شہرت کے لیے ایسی گھٹیا حرکتیں کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے پولیس سے اپیل کی کہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی اور شخص اس طرح کی حرکت کرنے سے پہلے سو بار سوچے۔





