پولیس کے مطابق جیسے ہی ایشانت نے پولیس پارٹی کو دیکھا، اس نے آٹو میٹک پستول سے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی اور آدھے درجن سے زائد گولیاں چلائیں۔ پولیس نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی، جس کے دوران ایشانت کے پیر میں گولی لگی اور وہ زخمی ہو گیا۔ زخمی حالت میں پولیس نے اسے قابو کر کے اسپتال میں داخل کرایا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایشانت عرف ایشو گاندھی وہی شوٹر ہے جس نے حال ہی میں گروگرام کے سیکٹر 57 میں ایلوش یادو کے گھر کے باہر فائرنگ کی تھی۔ اس واردات میں تین نقاب پوش بدمعاش صبح تقریباً ساڑھے پانچ سے چھ بجے کے درمیان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے تھے اور گھر کے گیٹ کے باہر سے تقریباً دو درجن راؤنڈ فائر کیے تھے۔ خوش قسمتی سے اس وقت ایلوش یادو گھر پر موجود نہیں تھے جبکہ ان کے والد اور دیگر اہل خانہ اندر موجود تھے۔ فائرنگ کے بعد تینوں ملزم فرار ہو گئے تھے۔