نئی دہلی: بھارت رتن اور سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کے یومِ پیدائش پر این ایس یو آئی (نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا) نے ووٹ چوری کے خلاف ایک ملک گیر مہم شروع کی ہے۔ این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری نے آج دہلی یونیورسٹی کے آرٹس گیلری میں لگے ووٹ چوری کینوپی کا دورہ کیا اور صدر جمہوریہ کو مخاطب کرتے ہوئے پہلا پوسٹ کارڈ لکھ کر اس مہم کا آغاز کیا۔
اس موقع پر ورون چودھری نے کہا کہ ’’بھارت رتن راجیو گاندھی نے نوجوانوں کو 18 سال کی عمر میں ووٹنگ کا تاریخی حق دیا تھا۔ آج ان کے یومِ پیدائش پر ہم یہ مہم شروع کر رہے ہیں تاکہ اسی حق کی حفاظت ہو سکے اور ووٹ چوری کو روکا جا سکے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی-آر ایس ایس اور الیکشن کمیشن کی سچائی آج نوجوانوں کے سامنے ظاہر ہو چکی ہے۔ اس مہم کے تحت این ایس یو آئی صدر کو 2 لاکھ پوسٹ کارڈ بھیجے گی اور جمہوریت کی حفاظت کا مطالبہ کرے گی۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ دہلی یونیورسٹی کے سینکروں طلبا نے اس مہم میں پورے جوش کے ساتھ حصہ لیا اور صدر جمہوریہ کو پوسٹ کارڈ بھیجنے کا عزم لیا، تاکہ انتخابات کی پاکیزگی اور طلبا کے حق رائے دہی کی حفاظت ہو سکے۔ اس پیش قدمی کے ذریعہ این ایس یو آئی نے واضح پیغام دیا ہے کہ ہندوستان کا طلبا سماج جمہوری عمل کے ساتھ کسی بھی طرح کی چھیڑ چھاڑ برداشت نہیں کرے گا اور آزادانہ و غیر جانبدارانہ انتخاب کے لیے جدوجہد کرتا رہے گا۔