نئی دہلی: دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر بدھ کے روز ان کے آفس میں ہفتہ وار جن سماعت کے دوران حملہ ہوا۔ واقعہ میں ایک شخص نے وزیراعلیٰ کے قریب آ کر انہیں ہاتھ سے پکڑ کر کھینچنے کی کوشش کی، جس کے دوران ان کا سر میز کے کنارے سے ٹکرا گیا اور انہیں چوٹیں آئیں۔ پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
وزیراعلیٰ کے دفتر کے اہلکاروں کے مطابق، واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص اپنی شکایت لے کر وزرائے اعلیٰ کے پاس پہنچا۔ اس نے پہلے کچھ کاغذات دیے، پھر شور مچایا اور ہاتھ پکڑ کر کھینچنے کی کوشش کی۔ اس دوران دھکا مٹکی بھی ہوئی۔ پولیس نے فوری طور پر حملہ آور کو سول لائن اسٹیشن منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔