اترپردیش کے آگرہ میں جمنا ندی کا پانی خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، جس سے تاج محل کے ارد گرد سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ دہلی اور ہریانہ میں بھاری بارش کے بعد ہتھنی کُنڈ بیراج سے چھوڑے گئے پانی کی وجہ سے جمنا کی سطح مسلسل اوپر جا رہی ہے۔ نتیجتاً پانی تاج محل کے پیچھے دیواروں تک پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ 45 برسوں میں پہلی مرتبہ یہ صورتحال سامنے آئی ہے۔
محکمہ آثار قدیمہ کے مطابق تاج محل فی الحال محفوظ ہے کیونکہ اسے ایک اونچے چبوترے پر تعمیر کیا گیا تھا تاکہ سیلاب کے خطرات کم کیے جا سکیں۔ محکمہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ عمارت کو فی الحال کوئی خطرہ لاحق نہیں، تاہم صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ اس کے باوجود سیلاب کے بڑھتے اثرات نے مقامی باشندوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔