نئی دہلی: ملک میں ایس آئی آر کے دوران رائے دہندگان کی فہرست سے لاکھوں نام حذف ہونے کے معاملے پر تنازعہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ایسے میں الیکشن کمیشن نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس کی، جس پر اپوزیشن نے سخت سوالات اٹھائے ہیں۔ کانگریس کے سینئر رہنما اور پارٹی کے کمیونیکیشن انچارج جے رام رمیش نے الیکشن کمیشن پر براہِ راست حملہ بولتے ہوئے کہا کہ کمیشن اپنی ناکامی اور جانبداری سے پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔
جے رام رمیش نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ پہلا موقع تھا جب ’نیا‘ الیکشن کمیشن ذرائع کے بجائے براہِ راست سامنے آیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کل کمیشن نے ایک پریس نوٹ جاری کیا تھا، جس میں ووٹر لسٹ میں خامیوں کی ذمہ داری سیاسی جماعتوں اور افراد پر ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ اس نوٹ کی نہ صرف اپوزیشن جماعتوں نے مذمت کی بلکہ عوام کی طرف سے بھی اس پر منفی ردعمل سامنے آیا۔