بہار کے ساسارام میں کانگریس رہنما راہل گاندھی اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کی ’ووٹ ادھیکار ریلی‘ کے دوران لالو پرساد یادو نے تقریباً ڈیڑھ منٹ کا مختصر خطاب کیا۔ جیسے ہی لالو نے مائیک سنبھالا، عوام میں جوش و خروش دیکھنے کو ملا اور مجمع نے پرجوش انداز میں ان کا خیرمقدم کیا۔
لالو پرساد یادو نے اپنے خطاب میں کہا، ’’چوروں کو ہٹائیے، بی جے پی کو بھگائیے۔ کسی بھی قیمت پر بی جے پی کو جو ووٹ چوری کرتا ہے آنے نہ دیجیے۔ سب لوگ ایک ہو جائیے اور متحد ہو کر راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کے ساتھ بی جے پی کو اقتدار سے ہٹائیے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’جمہوریت کو مضبوط ہونے دیجیے۔‘‘ خطاب کے آخر میں انہوں نے روایتی عوامی انداز میں کہا، ’’لاگل-لاگل جھولنیاں میں دھکا، بالم کلکتہ چلا۔‘‘ اس پر عوام میں قہقہے اور جوش کی فضا پیدا ہو گئی۔