کرشن جنم اشٹمی کے موقع پر مہاراشٹر کے الگ الگ مقامات پر دہی ہانڈی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ممبئی میں بھی دہی ہانڈی کی دھوم رہی اور سینکڑوں کی تعداد میں گوونداؤں نے اس میں حصہ لیا۔ حالانکہ اس دوران مختلف مقامات پر کچھ حادثے بھی پیش آئے جس میں کئی ’گووندا‘ زخمی ہو گئے۔ ساتھ ہی ممبئی کے گھاٹ کوپر علاقے کے ایک اسپتال میں ڈاکٹر نے 14 سال کے ایک ’گووندا‘ کو مردہ قرار دے دیا، جس کے بعد شہر میں دہی ہانڈی اُتسو کے دوران مرنے والوں کی تعداد 2 ہو گئی۔
ایک افسر نے بتایا کہ گاؤ دیوی گووندا پتھک کا حصہ روہن موہن مالوی اندھیری مشرق کے آدرش نگر علاقے میں ایک ٹمپو میں بیٹھے ہوئے بیہوش ہو گیا۔ روہن کو حال ہی میں پیلیا ہوا تھا، جس وجہ سے اس نے دہی ہانڈی پھوڑنے کی رسم میں حصہ نہیں لیا۔ افسر نے بتایا کہ روہن کو گھاٹ کوپر کے راجواڑی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
اس سے قبل ممبئی کے مان خرد میں ہفتہ کی دوپہر کو دہی ہانڈی باندھتے وقت گرنے سے 32 سال کے ایک گووندا کی موت ہو گئی تھی۔ مہلوک کی شناخت جگموہن شیو کرن چودھری کے طور پر ہوئی۔ میونسپل کارپوریشن کے ایک افسر نے اطلاع دی کہ جگمہون مہاراشٹر نگر واقع اپنے گھر کی پہلی منزل کی کھڑکی سے رسّی کے سہارے دہی ہانڈی باندھنے کی کوشش کر رہا تھا، تبھی اچانک عمارت سے نیچے گر گیا۔ چودھری کو میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ چلائے جا رہے شتابدی گوونڈی اسپتال لے جایا گیا جہاں پہنچنے سے پہلے ہی اس نے دم توڑ دیا۔
جنم اشٹمی کے موقع پر پورے مہاراشٹر میں دہی ہانڈی اُتسو منایا جاتا ہے۔ ہفتہ کی رات 9 بجے تک اُتسو کے دوران زخمی لوگوں کی تعداد 95 تھی، جن میں سے دو کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ 95 ’گووندا‘ میں سے 76 کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی جبکہ 19 ابھی بھی زیر علاج ہیں۔
دراصل دہی ہانڈی اُتسو میں ’گووندا‘ سے مراد ان لوگوں سے ہے جو پیرامڈ بنا کر دہی ہانڈی (اونچائی پر لٹکی ہوئی دہی اور مکھن سے بھری مٹکی) کو پھوڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔