ساسارام: بہار کے ساسارام میں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے آغاز کے موقع پر آر جے ڈی لیڈر اور سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اپنی جیت یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کے ذریعے ووٹروں کے حق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’میں راہل گاندھی اور انڈیا اتحاد کے دیگر لیڈروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ شروع کی۔ لالو جی اور ڈاکٹر لوہیا ہمیشہ کہتے رہے ہیں کہ ووٹ کا راج مطلب عام آدمی کا راج۔ مگر آج بی جے پی وہ سب کچھ الیکشن کمیشن سے کروا رہی ہے جو خود نہیں کر پا رہی۔‘‘