16 اگست کو ممبئی ایئرپورٹ پر ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ یہاں ایک انڈیگو مسافر طیارہ کا پچھلا حصہ پرواز بھرتے وقت رَنوے سے ٹکرا گیا، جس نے ایئرپورٹ پر ہلچل پیدا کر دی۔ حالانکہ اس واقعہ میں کسی طرح کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ سبھی مسافر مکمل طور پر محفوظ بتائے جا رہے ہیں۔ انڈیگو ایئرلائنس کا اس سلسلے میں بیان بھی سامنے آ گیا ہے، جس میں بتیا گیا ہے کہ مسافروں اور پائلٹ ٹیم کی حفاظت اس کے لیے پہلی ترجیح ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق انڈیگو کے اے 321 طیارہ کا پچھلا حصہ رَنوے سے چھو گیا تھا۔ ایئرلائنس کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے سبب پائلٹ نے لینڈنگ کی جگہ ’گو-اراؤنڈ‘ (دوبارہ پرواز کا عمل) کرنے کا فیصلہ لیا۔ اسی دوران طیارہ کا پچھلا حصہ رَنوے سے ٹکرا گیا۔ انڈیگو کے ترجمان نے بتایا کہ 16 اگست 2025 کو ممبئی میں خراب موسم کے سبب کم اونچائی پر پرواز بھرتے وقت انڈیگو ایئربس اے 321 طیارہ کا پچھلا حصہ رَنوے سے ٹکرا گیا۔ اس کے بعد طیارہ نے مزید ایک پرواز بھری اور پھر بہ حفاظت لینڈنگ کا عمل انجام دیا گیا۔
انڈیگو ترجمان کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے بعد پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے طیارہ کو آپریشن دوبارہ شروع کرنے سے قبل ضروری جانچ، مرمت اور ریگولیٹری منظوری سے گزرنا ہوگا۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ انڈیگو کے لیے اپنے صارفین، پائلٹ ٹیم اور طیارہ کی حفاظت اعلیٰ ترجیحات میں شامل ہے۔ اس واقعہ کی وجہ سے آپریشن پر پڑنے والے کسی بھی اثر کو کم از کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
اس واقعہ کی جانکاری ڈی جی سی اے کو بھی دے دی گئی ہے۔ ڈی جی سی اے کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ ’’ہم اس حادثہ کی جانچ کریں گے۔ اس کے لیے رسمی حکم جاری کیا جائے گا۔‘‘ افسران کے مطابق یہ پرواز 6 ای 1060 تھی، جو کہ بینکاک سے ممبئی آ رہی تھی اور اے 321 نیو طیارہ کے ذریعہ آپریٹ ہو رہی تھی۔ ہفتہ کی علی الصبح 3.06 بجے رَنوے 27 پر لینڈنگ کرتے وقت طیارہ کی پونچھ رَنوے سے ٹکرا گئی۔ ابتدائی جانچ میں مانا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ خراب موسم کی وجہ سے ہوئی۔ اس حادثہ میں کسی مسافر یا پائلٹ ٹیم کے کسی رکن کو چوٹ نہیں آئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔