کانگریس ’ووٹ چوری‘ کے خلاف جاری مہم کو دن بہ دن تیز کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ خاص طور سے سوشل میڈیا پر مستقل ایسی ویڈیوز اور پوسٹس جاری کی جا رہی ہیں، جو عوام میں بیداری پیدا کرنے والی اور حقائق کو سامنے رکھنے والی ہیں۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اس مہم کو مزید تیزی دیتے ہوئے ایک نئی ویڈیو اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی ہے۔ اس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح لوگ ووٹ چوری کو لے کر بیدار ہو رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے اس ویڈیو کے ذریعہ الیکشن کمیشن اور مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے اور لکھا ہے کہ ’’اب مزید نہیں، عوام بیدار ہو گئی ہے۔‘‘
اس سے قبل بھی کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے فرضی ووٹ ڈالنے سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کی تھی۔ ویڈیو کے ذریعہ کھڑگے نے لوگوں سے گزارش کی کہ وہ اپنی آواز اٹھائیں اور آئینی اداروں کو بی جے پی کے چنگل سے بچانے میں ان کی مدد کریں۔ تازہ ویڈیو راہل گاندھی نے ووٹ چوری کے خلاف جاری مہم کو وسیع سطح پر پھیلانے کے لیے جاری کی ہے۔ اس ویڈیو کو کانگریس لیڈران تیزی کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا ہے ’’چوری چوری، چپکے چپکے… لیکن اب مزید نہیں، عوام اب بیدار ہو گئی ہے۔‘‘
کانگریس رکن پارلیمنٹ اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وہ لکھتی ہیں کہ ’’کہیں آپ کا ووٹ بھی تو چوری نہیں ہو گیا؟ اب مزید نہیں، ووٹ چوری بند کرو۔‘‘ اس کے ساتھ انھوں نے انگریزی میں ’ہیش ٹیگ اسٹاپ ووٹ چوری‘ بھی لگایا ہے۔
شیئر کردہ اس تازہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص پولیس اسٹیشن اپنے ووٹ کی چوری ہونے سے متعلق رپورٹ لکھوانے پہنچتا ہے۔ پولیس کہتی ہے کہ ووٹ کیسے چوری ہو سکتا ہے؟ اس بارے میں وہ شخص کہتا ہے کہ صرف ایک نہیں، لاکھوں ووٹوں کی چوری ہو رہی ہے۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ ووٹر لسٹ سے نام کاٹ کر فرضی ووٹ ڈال کر ووٹوں کی چوری کی جا رہی ہے۔ اس کے بعد 2 پولیس والے آپس میں بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’کہیں ہمارا ووٹ تو چوری نہیں ہو گیا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔