امریکی ٹیرف کے جواب میں نریندر مودی کا خود انحصاری کا عزم

AhmadJunaidJ&K News urduAugust 15, 2025378 Views



بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ان کا ملک توانائی میں خودکفالت اور اپنے دفاعی نظام کی ترقی کے لیے خود انحصاری کے لیے کوشاں ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق نریندر مودی نے یہ بات دہلی کے تاریخی لال قلعے سے اپنے سالانہ یوم آزادی پر خطاب میں ایسے وقت میں کہی، جب بھارت اس وقت شدید دباؤ اور امریکا کی طرف سے اضافی محصولات کے خطرات کا سامنا کر رہا ہے۔

بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’خود انحصاری ترقی یافتہ بھارت کی بنیاد ہے‘، مودی نے کہا کہ اگر کوئی دوسروں پر بہت زیادہ انحصار کرے تو آزادی بے معنی ہو جاتی ہے۔

یاد رہے کہ نئی دہلی اور واشنگٹن کے تعلقات اس وقت سے کشیدہ ہیں، جب سے ٹرمپ نے بھارت کو روسی تیل کی خریداری ختم کرنے کی دھمکی دی تھی، جو ماسکو کے لیے یوکرین میں فوجی کارروائی کے دوران آمدنی کا اہم ذریعہ ہے۔

بھارت نے کہا ہے کہ وہ یوکرین کی جنگ ختم کرنے کی کوششوں کی حمایت کے لیے ’تیار‘ ہے اور وہ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان آج الاسکا میں ہونے والے اجلاس کی حمایت کرتا ہے۔

تاہم، امریکا نے اعلان کیا ہے کہ اگر نئی دہلی اپنے خام تیل کے سپلائرز تبدیل نہیں کرتا تو وہ بھارت پر نئی درآمدی محصول کو 25 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دے گا، اور یہ فیصلہ 27 اگست تک نافذ ہوگا۔

بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ ہمیں اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بہت سے ممالک پر انحصار کرنا پڑتا ہے، لیکن حقیقتاً خود انحصار بھارت بنانے کے لیے ہمیں توانائی میں خودکفالت حاصل کرنی ہوگی۔‘

نریندر مودی نے براہ راست ڈونلڈ ٹرمپ کا ذکر نہیں کیا، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ کسانوں کے مفادات کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی پالیسی کے خلاف دیوار کی طرح کھڑے ہوں گے۔

زراعت کا شعبہ بھارت میں وسیع پیمانے پر لوگوں کو روزگار فراہم کرتا ہے اور تجارتی مذاکرات میں یہ ہمیشہ ایک اہم مسئلہ رہا ہے۔

بھارتی وزیراعظم مودی کا کہنا تھا کہ ’جب معاشی خودغرضی دن بہ دن بڑھ رہی ہے، تو ہمیں محض بحران پر بیٹھ کر فکر نہیں کرنی چاہیے، بلکہ اپنی طاقتوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے‘۔

نریندر مودی نے سائنسدانوں اور انجینئروں سے اپیل کی کہ وہ اہم شعبوں اور ٹیکنالوجیز پر کام کریں، جس میں فائٹر جیٹ انجن، سیمی کنڈکٹر چپس اور فوجی ہارڈ ویئر سسٹمز شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سال کے آخر تک مارکیٹ میں بھارت کی تیار کردہ سیمی کنڈکٹر چپس دیکھیں گے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملک ایک خلائی اسٹیشن بنانے کی سمت میں کام کر رہا ہے اور اگلے 10 سالوں میں ایک ’دفاعی شیلڈ‘ بھی تیار کر لے گا، تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Search Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...