ایشیا کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم اب تیاریوں میں لگ گئی ہے۔ جو بھی کمیاں ہیں اسے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کپتان ہو یا سابق کپتان سب کی حاضری بنگلورو واقع نیشنل کرکٹ اکاڈمی (این سی اے) میں لگوائی جا رہی ہے۔ دبئی میں چمپئنس ٹرافی کی فاتح ٹیم انڈیا ایشیا کپ کو بھی جیتنے کے لیے پورا زور لگانا چاہے گی۔ اس لیے ہاردک پانڈیا کا ایشیا کپ سے پہلے این سی اے میں آج فٹینس ٹیسٹ شروع ہو رہا ہے، جو دو دنوں تک جاری رہے گا۔ اس ٹیسٹ رپورٹ پر سبھی کی نظریں ہوں گی کیونکہ پاس ہونے کے بعد ہی ان کے لیے ایشیا کپ کھیلنے کا راستہ صاف ہوگا۔ ساتھ ہی کپتان سوریہ کمار کی فٹینس پر بھی بی سی سی آئی کی نظر ہے، حالانکہ وہ ابھی بھی فٹ نہیں ہیں۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹی-20 ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو ابھی تک مکمل طور پر فٹ نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے جون میں جرمنی کے میونخ میں اسپورٹس ہرنیا کی سرجری کروائی تھی اور اگلے ایک ہفتے تک این سی اے میں رہ کر فیزیو اور میڈیکل ٹیم کی دیکھ ریکھ میں فٹنیس پر کام کریں گے۔ انہوں نے این سی اے میں چیک-اِن کیا تھا، جس سے یہ قیاس لگائے گئے کہ وہ ایشیا کپ سے پہلے پوری طرح فٹ ہو جائیں گے۔ حالانکہ اسی رپورٹ کے مطابق سوریہ کمار کو پوری طرح فٹ ہونے کے لیے این سی اے میں مزید ایک ہفتہ گزارنے کی امید ہے۔ وہ فیزیو اور میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ٹریننگ کریں گے۔ امید کی جا رہی ہے کہ سوریہ کمار وقت پر مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے اور ایشیا کپ میں کھلیتے ہوئے نظر آئیں گے۔
سوریہ کمار آخری مرتبہ آئی پی ایل 2025 میں ممبئی انڈینس کی طرف سے کھیلتے ہوئے نظر آئے تھے۔ یہ آئی پی ایل سیزن ان کے لیے کافی اچھا گزرا تھا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 717 رن بنائے تھے۔ وہ اس سال دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز رہے۔ ان سے زیادہ صرف گجرات ٹائٹنس کے سائیں سدرشن نے رن بنائے تھے جنہوں نے آرینج کپ اپنے نام کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ ایشیا کپ کے لیے ابھی ٹیم انڈیا کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ اس سے پہلے کھلاڑیوں کے فٹینس کی جانچ کی جا رہی ہے۔ گزشتہ مہینے 27 اور 29 جولائی کو شریس ایر نے این سی اے میں اپنا فٹنیس اسسمنٹ پورا کیا تھا۔ اپنی کپتانی میں پنجاب کنگس کو آئی پی ایل 2025 کے فائنل میں پہنچانے والے ایّر نے ہندوستان کے لیے دسمبر 2023 میں اپنا آخری ٹی-20 مقابلہ کھیلا تھا۔
ایشیا کپ 9 ستمبر سے شروع ہوگا اور ہندوستان اپنا پہلا میچ 10 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف کھلیے گا۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 14 ستمبر کو مقابلہ متوقع ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ اس مرتبہ ایشیا کپ ٹی-20 فارمیٹ میں کھیلا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔