’معذوروں کے لیے بھی فُٹ پاتھ ضروری‘، سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو گائیڈلائن بنانے کا دیا حکم

AhmadJunaidJ&K News urduAugust 7, 2025361 Views


عرضی میں آئین کے آرٹیکل 14 اور 21 کا حوالہ دیتے ہوئے دلیل دی گئی کہ ’’ہر شہری کو برابری اور زندگی کا حق حاصل ہے، جس میں محفوظ طریقے سے چلنا پھرنا بھی شامل ہے۔‘‘

سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس

i

user

ملک کے تمام شہریوں، خاص طور سے معذوروں اور بزرگوں کو محفوظ فُٹ پاتھ فراہم کرانے کے لیے سپریم کورٹ نے حکم صادر کیا ہے۔ عدالت نے مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ ’’وہ 4 ہفتوں کے اندر ایسے گائیڈ لائنز تیار کرے جو پورے ملک کے تمام فُٹ پاتھوں کو قابل رسائی اور تجاوزات سے پاک بنائیں۔‘‘ یہ حکم ڈاکٹر ایس راجسیکرن کے ذریعہ دائر مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کے دوران دیا گیا، جس میں انہوں نے ہندوستان کے فُٹ پاتھوں کی قابل رحم حالات اور معذور افراد کو درپیش مسائل کو عدالت کے سامنے رکھا تھا۔

عرضی گزار نے بتایا کہ ملک میں کئی جگہ فُٹ پاتھ ہیں ہی نہیں اور جہاں ہیں وہ یا تو ٹوٹے ہوئے ہیں یا تجاوزات کے شکار ہیں۔ اس کی وجہ سے نہ صرف معذوروں کو بلکہ عام لوگوں کو بھی آمد و رفت میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عرضی میں آئین کے آرٹیکل 14 اور 21 کا حوالہ دیتے ہوئے دلیل دی گئی کہ ’’ہر شہری کو برابری اور زندگی کا حق حاصل ہے، جس میں محفوظ طریقے سے چلنا پھرنا بھی شامل ہے۔‘‘

جسٹس جے بی پاردیوالا اور جسٹس آر مہادیون کی بنچ نے کہا کہ اب تک اس موضوع پر کوئی ٹھوس قومی گائیڈ لائنز نہیں ہیں۔ اس لیے مرکزی حکومت کو 3 اہم نکات پر اصول و ضوابط بنانے ہوں گے۔ سب سے پہلے تمام نئی اور پرانی سڑکوں پر تکنیکی معیار کے ساتھ فُٹ پاتھ کو لازمی بنائیں۔ دوسرا یہ کہ ڈیزائن ایسا ہو کہ معذوروں کو کہیں بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تیسرا یہ کہ تجاوزات کو ہٹانے اور روکنے کے لیے موثر طریقہ کار کو یقینی بنائیں۔

سپریم کورٹ نے یہ بھی واضح کر دیا کہ اگر مرکزی حکومت متعینہ مدت میں گائیڈ لائن نہیں بناتی ہے تو عدالت خود ’امیکی کیوری‘ کی مدد سے گائیڈ لائن تیار کرے گی۔ ساتھ ہی ریاستوں کو چھوٹ دی گئی ہے کہ وہ یا تو ان قومی گائیڈ لائنز کو قبول کریں یا اپنی گائیڈ لائنز بنائیں، لیکن معیار ایک جیسے ہونے چاہیے۔

نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس معاملہ پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے حلف نامہ داخل کرے۔ آئندہ سماعت یکم ستمبر 2025 کو ہوگی، جس میں مرکز اور ریاستوں کی جوابدہی کا جائزہ لیا جائے گا۔ عدالت کے اس حکم نے معذوروں اور پیدل چلنے والوں کے حقوق کو مضبوطی سے پیش کیا ہے۔


0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...