انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ہندوستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت زخمی ہو گئے تھے۔ تیز گیندباز کرس ووکس کی ایک گیند ان کے جوتے پر لگی تھی، جس سے ان کے دائیں پیر کی چھوٹی انگلی میں فریکچر ہو گیا تھا۔ اس کے بعد وہ 6 ہفتوں کے لیے ہندوستانی ٹیم سے باہر ہو گئے تھے۔ اب خبر سامنے آ رہی ہے کہ 9 ستمبر سے شروع ہونے والی ایشیا کپ سے رشبھ پنت باہر ہو چکے ہیں۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ایشیا کپ کے علاوہ رشبھ پَنت ویسٹ انڈیز کے خلاف اکتوبر ماہ میں ہونے والی 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے بھی باہر ہو سکتے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم اپنے گھر میں 2 اکتوبر سے ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ رشبھ پنت کے تعلق سے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی جس انگلی میں فریکچر ہوا ہے، اسے ٹھیک ہونے میں کم از کم 6 ہفتے کا وقت لگے گا۔ حالانکہ یہ ضرور کہا گیا ہے کہ اس چوٹ کو ٹھیک کرنے کے لیے سرجری کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
قابل ذکر ہے کہ مانچسٹر ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی دن رشبھ پنت کو چوٹ لگ گئی تھی۔ اس کے بعد انھیں اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ان کے پیر کی انگلی میں فریکچر کی تصدیق ہوئی تھی۔ اس کے باوجود وہ میچ کے دوسرے دن شاردل ٹھاکر کے آؤٹ ہونے کے بعد بلے بازی کرنے کے لیے اترے تھے اور شاندار نصف سنچری مکمل کی تھی۔ پنت نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انھوں نے 4 ٹیسٹ میچوں کی 7 پاریوں میں 68.42 کی اوسط سے 479 رن بنائے تھے۔ اس دوران پَنت نے 2 سنچری اور 3 نصف سنچری اسکور کی تھی۔ وہ اس ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملے میں چھٹے نمبر پر تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔