
دہلی کے تالکٹورا اسٹیڈیم میں منعقدہ کانگریس کے ’بھاگیداری نیائے سمیلن‘ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے اعلان کیا کہ وہ او بی سی طبقے کو مکمل عزت اور برابری کی شراکت داری دلائے بغیر نہیں رکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری ان کی جدوجہد کا محض پہلا قدم ہے، اصل ہدف یہ ہے کہ او بی سی کو ملک کے نظام میں عملی شرکت اور مکمل نمائندگی حاصل ہو۔
راہل گاندھی نے کہا، ’’میں 2004 سے سیاست میں ہوں۔ جب میں پیچھے دیکھتا ہوں تو کئی بڑے کام نظر آتے ہیں جن پر مجھے فخر ہے، زمین حصولیاتی قانون، منریگا، غذائی تحفظ، قبائلی بل، نیام گری کی جدوجہد۔ آدیواسیوں، دلتوں، خواتین اور اقلیتوں کے لیے ہم نے ایمانداری سے کام کیا۔‘‘






