احمد آباد طیارہ حادثہ کو لے کر اے اے آئی بی کی ابتدائی رپورٹ ابھی پوری دنیا میں سرخیوں میں بنی ہوئی۔ بوئنگ کے 8-787 ڈریم لائنر کی خامیوں پر بھی سوال کھڑے کیے جا رہے ہیں۔ اس دوران طیارے میں آئی خرابی کا ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔ لاس اینجلس بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اٹلانٹا جا رہے ڈیلٹا ایئر لائنس کے ایک طیارے کو اڑان بھرنے کے فوراً بعد ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔
رپورٹ کے مطابق اس فلائٹ کو آپریٹ کر رہا 24 سال پرانا بوئنگ 400-767 (رجسٹریشن N836MH) جمعہ کو جیسے ہی ہوائی اڈے سے روانہ ہوا، اس کے بائیں انجن میں آگ کی لپٹیں دیکھی گئیں۔ آناً فاناً میں طیارے کی لاس اینجلس ہوائی اڈے پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ایوی ایشن اے ٹو زیڈ کی رپورٹ کے مطابق پائلٹس نے اڑان کے دوران انجن میں آگ کے اشارے دیکھے۔
زمین سے لی گئی ویڈیو فوٹیج میں طیارے کے بائیں انجن میں آگ لگتی ہوئی نظر آئی، جس سے لوگ حیران ہو گئے۔ حالت کو سنگین سمجھتے ہوئے پائلٹس نے فوراً ایمرجنسی ڈکلیئر کردی اور ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سے کو آرڈینیٹ کرکے طیارے کو واپس لانے کا فیصلہ کیا۔
بتایا جاتا ہے کہ طیارہ پہلے بحرالکاہل کی سمت میں گیا، پھر ڈاؤنی اور پیراماؤنٹ علاقوں کے اوپر سے گھومتے ہوئے واپسی کی۔ اس دوران طیارے کی اونچائی اور رفتار مستحکم بنی رہی اور سبھی سیفٹی چیک لسٹس کو فالو کیا گیا۔ لینڈنگ کے وقت ایمرجنسی کروز پہلے سے تیار تھے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ آگ پر قابو پا لیا گیا۔ خوش قسمتی رہی کہ اس واقعہ میں کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ طیارے میں 282 مسافر، 10 فلائٹ اٹینڈینٹ اور 2 پائلٹ سوار تھے۔
مسافروں نے بتایا کہ کیپٹن نے اعلان کیا تھا کہ فائر ٹیم انجن میں لگی آگ کی تصدیق کر رہے ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ طیارہ تقریباً 25 سال پرانا ہے اور اس میں دو جنرل الیکٹرک سی ایف 6 انجن لگے ہوئے ہیں۔
غور طلب ہے کہ اس سال ڈیلٹا ایئر لائنس میں یہ دوسری مرتبہ انجن فائر کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سے پہلے یکم جنوری کو ڈیلٹا کی فلائٹ DL 105 کو بھی اسی طرح اٹلانٹا سے برازیل کے ساؤ پاؤلو جاتے وقت واپس لوٹنا پڑا تھا، جب ٹیک آف کے بعد بائیں انجن میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔