ایک بار پھر خوفناک ریل حادثہ پیش آیا ہے، جس میں ٹرین کے انجن کا ایک بڑا حصہ جل کر خاک ہو گیا۔ واقعہ راجستھان کے بیاور ضلع کا ہے جہاں ہفتہ کی علی الصبح غریب رتھ ایکسپریس کے انجن میں آگ لگنے سے افرا تفری پھیل گئی۔ اچھی بات یہ رہی کہ کوئی بھی مسافر اس حادثہ میں زخمی نہیں ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی سے دہلی جا رہی غریب رتھ ایکسپریس کے انجن میں سیندڑا ریلوے اسٹیشن سے گزرتے وقت تقریباً 3 بجے نامعلوم طریقے سے آگ لگ گئی۔ جیسے ہی لوکو پائلٹ نے انجن کے پچھلے حصے میں دھواں دیکھا، اس نے فوراً ایمرجنسی بریک لگا کر ٹرین کو روک دیا۔ اس آگ کی وجہ سے مسافروں میں افرا تفری مچ گئی، لیکن لوکو پائلٹ کی سمجھداری اور فوری کارروائی نے ایک بڑے خطرے کو ٹال دیا۔ لوکو پائلٹ نے سب سے پہلے انجن کو دیگر ڈبوں سے الگ کر دیا تاکہ آگ ڈبوں تک نہ پھیل جائے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ مسافروں کو اس آگ سے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
بتایا جاتا ہے کہ لوکو پائلٹ نے انجن کو ڈبوں سے الگ کر کے تھوڑی دور لے جا کر کھڑا کر دیا۔ لوک پائلٹ نے یہ عمل انتہائی ہمت کے ساتھ انجام دیا، کیونکہ اس کی جان کو بھی خطرہ لاحق تھا۔ اس حادثہ کی جانکاری ملتے ہی بیاور آر پی ایف اور سیندڑا پولیس جائے وقوع پر پہنچی۔ فوراً فائری بریگیڈ محکمہ کو بھی خبر دی گئی۔
موصولہ اطلاع کے مطابق تقریباً 3 گھنٹے کی مشقت کے بعد ٹرین کے انجن میں لگی آگ پر قابو پایا جا سکا۔ کافی دیر تک انجن سے دھواں نکلتا رہا۔ اس حادثہ کی وجہ سے سیندڑا ریلوے اسٹیشن پر دیگر گاڑیوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔ جس غریب رتھ ایکسپریس کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا، اس میں 500 سے زیادہ مسافر موجود تھے۔ ریلوے ترجمان نے بتایا کہ ٹرین میں آگ لگنے سے کوئی بھی مسافر زخمی نہیں ہوا ہے۔ سبھی کو متبادل وسائل سے ان کی منزل تک پہنچانے کا انتظام کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔