آپریشن سندور کے بعد پاکستان نے ہندوستانی طیاروں کے لیے اپنا ایئر اسپیس بند کر دیا تھا۔ اب پڑوسی ملک نے اس پابندی کو 24 اگست تک کے لیے بڑھا دیا ہے۔ پاکستان ایئر پورٹ اتھاریٹی (پی اے اے) نے یہ اطلاع دی۔ NOTAM (نوٹس تہ ایئرمین) کے مطابق ہندوستانی ایئر لائنس کے کسی بھی شہری یا فوجی طیارہ کو پاکستان ایئراسپیس میں داخلہ نہیں ملے گا۔ یہ حکم گزشتہ شام 3:50 سے نافذ ہو گیا ہے۔
پی اے اے نے نوٹس میں اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ یہ پابندی ہندوستانی وقت کے مطابق 24 اگست 2025 کی صبح 5:19 بجے تک نافذ رہے گی۔ دراصل 22 اپریل کو ہوئے پہلگام حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان زبردست کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔ آپریشن سندور کے بعد دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے طیاروں کے لیے اپنے ایئر اسپیس بند کر دیے تھے۔
حکومت ہند نے 30 اپریل کو پاکستانی طیاروں کے لیے اپنے ایئر اسپیس بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پاکستان نے بھی ہندوستانی طیاروں کے لیے اپنے ایئر اسپیس بند کر دیے تھے۔ ہندوستان نے 24 جولائی تک کے لیے پاک ایئرلائنس کے طیاروں پر یہ پابندی لگائی تھی جو ابھی تک جاری ہے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو دہشت گردانہ حملے میں 26 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس کا سخت جواب دیتے ہوئے ہندوستانی فوج نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت 6-7 مئی کی رات پاکستان میں کئی دہشت گردی کے اڈوں کو نشانہ بناتے ہوئے تباہ کر دیا۔ اس حملے میں کئی دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔