بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں مون سون طوفان کے دوران آسمانی بجلی گرنےکے واقعات میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ریاست بہار میں یہ ہلاکتیں بدھ اور جمعرات کے درمیان شدید طوفانوں کے دوران ہوئیں، ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے بیان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر کسان اور مزدور شامل ہیں جو کھلے آسمان تلے کام کر رہے تھے۔
محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی علاقوں میں مزید شدید بارش اور آسمانی بجلی گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔
ریاست بہار کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر وجے کمار منڈل نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ خطرے سے دوچار اضلاع کے حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آسمانی بجلی سے متعلق الرٹ کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے عوام میں آگاہی پیدا کریں۔
ریاستی حکومت نے بجلی گرنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے 40 لاکھ روپے (تقریباً 4 ہزار 600 امریکی ڈالر) معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
ریاستی حکومت کے مطابق 2024 میں آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 243 افراد ہلاک ہوئے جبکہ اس سے پچھلے سال یہ تعداد 275 تھی۔
بہار سمیت بھارت کے مشرقی حصے میں ہر سال مون سون کے دوران سیلاب کا شکار ہوتے ہیں، جن میں درجنوں افراد ہلاک اور لاکھوں نقل مکانی پر مجبور ہو جاتے ہیں۔