ملک کی مختلف ریاستوں میں مانسون رفتہ رفتہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ کئی علاقوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بھی 6 جولائی کے لیے کئی ریاستوں میں بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا ہے جس میں ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، راجستھان، مدھیہ پردیش، گجرات، مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، گوا، مغربی بنگال اور کرناٹک کے ساحلی علاقے شامل ہیں۔
وہیں اتر پردیش میں بھی مانسون پوری طرح سرگرم ہو چکا ہے۔ ریاست کے الگ الگ ضلعوں میں روزانہ بارش ہو رہی ہے۔ ہفتہ کی رات علی گڑھ، متھرا، میرٹھ وغیرہ بڑے شہروں میں جم کر بارش ہوئی جس کی وجہ سے شہروں کی سڑکوں پر دو-دو فٹ آبی جماؤ ہو گیا۔ وہیں محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں تک شدید بارش ہونے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اتوار کو بھی کئی ضلعوں میں شدید بارش ہونے کے آثار ہیں۔
جہاں ایک طرف مانسون کی آمد سے کئی ریاستوں میں راحت پہنچی ہے وہیں ہماچل پردیش میں بادل پھٹنے، اچانک آئے سیلاب اور لینڈ سلائڈ سے کافی تباہی مچی ہے۔ یہاں عام زندگی پوری طرح درہم برہم ہو چکی ہے۔ ریاست میں گزشتہ 14 دنوں میں بارش سے جڑے واقعات میں تقریباً 43 لوگوں کی موت بھی ہوئی ہے جبکہ 37 دیگر لاپتہ ہیں۔ ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ آئی ایم ڈی نے انتباہ کیا ہے کہ 6 جولائی کو ہماچل پردیش میں الگ الگ مقامات پر انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے تین ضلعوں منڈی، کانگڑا اور سرمور میں کچھ مقامات پر شدید بارش کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ لاہول اسپیتی اور کنور کو چھوڑ کر دیگر ضلعو میں کچھ مقامات پر شدید بارش کا آرینج الرٹ ہے۔ اس دوران کچھ مقامات پر سیلاب آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹے بہت مشکل والے بتائے جا رہے ہیں۔ ضروری خدمات متاثر ہونے کے ساتھ کئی مقامات پر لینڈ سلائڈ کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں۔
اوڈیشہ کے کئی ضلعوں میں بھی بارش کی وجہ سے بڑے پیمانے پر آبی جماؤ کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے کئی ضلعوں میں 6 جولائی کو شدید بارش کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ موسم ایجنسی نے اپنی تازہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ 6 اور 7 جولائی کو مدھیہ پردیش کے گھاٹ علاقوں میں الگ الگ مقامات پر پر انتہائی شدید بارش ہونے کے آثار ہیں۔
آئی ایم ڈی نے کہا، ’’مشرقی اتر پردیش، مغربی راجستھان میں 10-8 جولائی کے دوران الگ الگ مقامات پر شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ ہریانہ، چنڈی گڑھ، پنجاب، جموں و کشمیر میں 9-5 جولائی کے دوران 6 تاریخ کو جموں میں بہت زیادہ بارش ہو سکتی ہے وہیں ہماچل پردیش، اتراکھنڈ میں آج بارش ہونے کا امکان ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔