نیرو مودی کے بھائی نیہل مودی کو امریکہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سی بی آئی اور ای ڈی کے ذریعہ حوالگی کی درخواست کے بعد نیہل مودی پر شکنجہ کسا گیا ہے۔ یونائٹیڈ اسٹیٹس ڈپارٹمنٹ آف جسٹس کی طرف سے دی گئی جانکاری کے مطابق بھگوڑے معاشی جرائم پیشہ نیرو مودی کے بھائی کو گزشتہ 4 جولائی کو امریکی افسران نے گرفتار کیا تھا۔ یہ گرفتاری ای ڈی اور سی بی آئی کی طرف سے مشترکہ طور پر کی گئی حوالگی کی گزارش کے بعد ہوئی۔
امریکی فریق استغاثہ کی طرف سے درج کی گئی شکایت کے مطابق حوالگی کی کارروائی 2 معاملوں میں کی جا رہی ہے۔ ایک معاملہ انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ 2002 کی دفعہ 3 کے تحت منی لانڈرنگ کا اور دوسرا تعزیرات ہند کی دفعہ 120 بی اور 201 کے تحت مجرمانہ سازش کا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نیہل مودی پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) دھوکہ دہی معاملے میں مطلوب ہیں۔ یہ ملک کی تاریخ میں سب سے بڑے بینکنگ گھوٹالوں میں سے ایک ہے۔ ای ڈی اور سی بی آئی کی طرف سے کی گئی جانچ میں نیہل مودی کو نیرو مودی کی مجرمانہ آمدنی کو جائز بنانے کے لیے کام کرنے والا اہم شخص پایا گیا تھا، جو برطانیہ سے حوالگی کا بھی سامنا کر رہا ہے۔ نیہل پر الزام ہے کہ اس نے ہندوستانی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شیل کمپنیوں اور غیر ملکی لین دین کے نیٹورک کے ذریعہ کثیر مقدار میں ناجائز دولت کو چھپانے اور منتقل کرنے میں مدد کی۔ حوالگی کارروائی کے لیے آئندہ سماعت کی تاریخ 17 جولائی 2025 مقرر کی گئی ہے۔ وہ اس دوران ضمانت کے لیے درخواست کر سکتا ہے، جس کا امریکی فریق استغاثہ نے مخالفت کرنے کی بات کہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔