بھارت کے سینئر دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی نے کہا ہے کہ میں یہ سمجھا سکتا ہوں کہ گزشتہ 11 برسوں میں بھارت کی دفاعی اور خارجی پالیسیاں ناکام نہیں ہوئیں، بلکہ پوری طرح زمیں بوس ہو چکی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں پراوین ساہنی نے کہا کہ ’اس زوال میں بڑا حصہ زعفرانی سوچ سے متاثر، جاہل، بے وقوف اور خود پسندی کا شکار مین اسٹریم میڈیا کا ہے، جس میں ریپبلک اور این ڈی ٹی وی جیسے چینلز پیش پیش ہیں۔‘
پراوین ساہنی نے کہا کہ ’یہی لوگ اصل غدارِ وطن ہیں، وہ جو ملک کی بہتری کے بجائے اس کے خلاف کام کرتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں پاکستان، چین یا کسی اور ملک کا ایجنٹ نہیں ہوں، میں ایک ایسا شخص ہوں جو اپنے وطن کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتا ہے۔‘
بعد ازاں ایک اور پوسٹ میں پراوین ساہنی نے کہا کہ ’انڈونیشیا میں بھارت کے نیول اتاشی کیپٹن شیو کمار نے آپریشن سندور میں بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کے کردار پر ایک دلچسپ بیان دیا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اسے درست اور وسیع تر تناظر میں پیش کرنا ضروری ہے، میں اس پر آج ایک ویڈیو (ہندی میں) کروں گا جو آن لائن آئے گی۔‘