شمالی ہند میں مانسون پوری طرح سے فعال ہو چکا ہے۔ اتر پردیش اور بہار جیسی ریاستوں میں کہیں زیادہ تو کہیں کم بارش ہو رہی ہے۔ مانسون کی یہ دستک عام زندگی کو راحت دینے کے ساتھ ساتھ کئی علاقوں میں چیلنج بھی ثابت ہو رہی ہے۔ وہیں راجدھانی دہلی اور این سی آر کے لوگ ابھی بھی مانسون کا انتظار کر رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے تازہ اندازے کے مطابق آج دہلی-این سی آر میں تیز بارش ہو سکتی ہے۔ اس لیے گرج اور چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اتوار کو بھی ایسا ہی موسم رہنے کے آثار ہیں جس سے درجہ حرارت میں کمی آ سکتی ہے اور لوگوں کو گرمی سے راحت ملنے کی امید ہے۔
غور طلب ہے کہ دہلی میں مانسون کی آمد کی عام تاریخ 27 جون ہوتی ہے، لیکن اس مرتبہ یہ تاریخ نکلنے کے باوجود بارش نہیں ہوئی۔ پی ٹی آئی کے مطابق گزشتہ سال مانسون 28 جون کو آیا تھا جبکہ 2023 میں 25 جون کو، 2022 میں 30 جون اور 2021 میں یہ 13 جولائی کو پہنچا تھا۔
ملک کے جنوبی حصے، خاص طور سے کیرالہ میں مانسون کی بارش کا قہر جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے کیرالہ کے ایڈکّی، ملپورم اور وائناڈ ضلعوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا۔ ان ضلعوں میں مسلسل ہو رہی بارش نے عام زندگی کو بُری طرح متاثر کیا ہے۔ ندیوں کی آبی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے، جس سے سیلاب جیسے حالات بن گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست کے دیگر 7 ضلعوں کے لیے آرینج الرٹ بھی جاری کیا گیا۔
تیز بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے کئی مقامات پر پیڑ گرنے، ہورڈنگس اڑنے جیسے معاملے سامنے آئے ہیں۔ کیرالہ کے ایرناکولم، تریشور اور ایڈکی جیسے ضلعوں کے نچلے علاقوں میں آبی جماؤ اور سیلاب کی حالت بن گئی ہے۔ چورل مالا ندی کی طغیانی سے آس پاس کے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے جس کے سبب سینکڑوں لوگوں کو راحت کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے ہنگامی خدمات کو چوکس کر دیا ہے اور بچاؤ کام مسلسل جاری ہے۔
مدھیہ پردیش کے پانچ ضلعوں اندور، بھوپال، ہوشنگ آباد، رائے سین اور سیہور میں بھی تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ یہاں کسانوں اور عام لوگوں کو مستعد رہنے کی صلاح دی گئی ہے کیونکہ شدید بارش کے سبب فصل اور جانی و مالی نقصان ہو سکتا ہے۔ ریاست کے کچھ حصوں میں پہلے ہی تیز بارش ہو چکی ہے، جس سے سڑکیں زیر آب ہیں اور آمد و رفت بُری طرح متاثر ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔