
جئے رام رمیش نے الزام لگایا کہ یہ غیر معمولی سیاسی قدم دراصل لوک سبھا میں این ڈی اے کے لیے دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کی ایک بڑی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ پارلیمنٹ میں برتری حاصل کرنے کے لیے سیاسی پارٹیوں اور منتخب نمائندوں کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب تک امت شاہ وزارت داخلہ کے منصب پر فائز رہیں گے شائستگی، جمہوری روایات، آئینی اقدار اور اصولوں کے تئیں وابستگی مسلسل کمزور ہوتی رہے گی۔ کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ ملک کے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے بجائے انہیں کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جو جمہوریت کے لیے تشویش کا باعث ہے۔





